Home / Uncategorized / افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر کے قریب فوجی قافلے پر کار بم حملہ، 28 افراد ہلاک ، 327 زخمی
افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر کے قریب فوجی قافلے پر کار بم حملہ، 28 افراد ہلاک ، 327 زخمی

افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر کے قریب فوجی قافلے پر کار بم حملہ، 28 افراد ہلاک ، 327 زخمی

13020598_1683896995198330_1742451324_n
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان دارالحکومت کابل کے دوسرے پولیس ضلع میں انٹیلی جنس کے دفتر کے قریب فوجی قافلے پر کار بم حملے میں 28 افراد ہلاک  جبکہ 327 زخمی ہوگئے ہیں ، دھماکے کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کرلی ہے۔

افغان سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور نے  دھماکہ خیز مواد سے بھری کار افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے دفتر کے قریب پلِ محمود خان پر آرمی کے قافلے سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جبکہ 327 زخمی ہوگئے ہیں ۔ جس جگہ پر دھماکہ ہوا ہے وہاں پر افغان  وزارت دفاع اور وزارت خزانہ کے دفاتر بھی موجود ہیں ۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی میل دور تک سنی گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد کافی دیر تک علاقے میں شدید فائرنگ ہوتی رہی ہے  ۔  دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی شواہد جمع کرنے شروع کردیے ہیں جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کے بعد تاحال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور آس پاس کی عمارتوں میں مزید کئی حملہ آور موجود ہوسکتے ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ یہ حملہ موسم بہار میں طالبان کی جانب سے شروع کیے جانے والے ’’ آپریشن ملا عمر‘‘ کا حصہ ہے ۔

Comments are closed.

Scroll To Top