Home / Uncategorized / امجد صابری کی میت لیاقت آبادروڈ پر منتقل، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت
امجد صابری کی میت لیاقت آبادروڈ پر منتقل، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

امجد صابری کی میت لیاقت آبادروڈ پر منتقل، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے معروف قوال امجد صابری کا جنازہ لیاقت آباد روڈ پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں تھوڑی دیر بعد  دربار بابا فرید کے گدی نشین کی امامت میں ان کا جنازہ ادا کیا جائے گا۔

امجد صابری کا جنازہ پڑھنے کیلئے مداحوں اور عزیز و اقار ب سمیت ہزاروں افراد جنازہ کی ادائیگی کیلئے پہنچ گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے رینجرز کے جوانوں نے علاقے کا سرچ آپریشن بھی کیا اور وہاں پر موجود رکشوں اور گاڑیوں کو ہٹادیا ہے ۔  امجد صابری کی نماز جنازہ دوپہر ایک بجے لیاقت آباد روڈ پر ارم بیکری کے سامنے ادا کی جائے گی ۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی تدفین پاپوش نگر قبرستان میں پیر حیرت شاہ وارثی کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی جبکہ نمازِ جنازہ دربار بابا فرید کے گدی نشین دیوان احمد مسعود چشتی کی امامت میں ادا کی جائے گی ۔ امجد صابری کے والد غلام فرید صابری کی قبر بھی اسی احاطے میں موجود ہے جبکہ امجد صابری کے بھائی ثروت صابری لندن سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔

قبل ازیں امجد صابری کے بھائی چھیپا سرد خانے پہنچے اور اپنے بھائی کی میت وصول کی ۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔

 

Comments are closed.

Scroll To Top