Home / Uncategorized / امریکہ نے ایران کو روسی طیاروں کی فروخت بلاک کرنے کی دھمکی دیدی
امریکہ نے ایران کو روسی طیاروں کی فروخت بلاک کرنے کی دھمکی دیدی

امریکہ نے ایران کو روسی طیاروں کی فروخت بلاک کرنے کی دھمکی دیدی

واشنگٹن(اے این این)امریکا نے ایران کو روس سے ایس یو-30 لڑاکا طیاروں کی فروخت بلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔امریکا کے انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور تھامس شانن نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کو روسی ساختہ لڑاکا طیاروں کی فروخت رکوانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو طاقت کا استعمال کرے گا۔انھوں نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس سے اس طرح کے اسلحے کی ایران کو فروخت کی سلامتی کونسل سے منظوری لینا ضروری ہے۔شانن نے یہ بھی کہا ہے کہ روس ایران کو بیلسٹک میزائلوں کے آلات منتقل نہ کرنے سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری کررہا ہے۔ہمیں روسیوں کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے ٹیکنالوجی کو منتقل کرنے سے روکیں گے۔انھوں نے سینیٹ کی کمیٹی کو بتایا کہ ”اوباما انتظامیہ ایران پر پابندیوں سے متعلق ایکٹ کی تجدید کے لیے بھی تیار ہے۔اس کی مدت 2016 کے آخر میں ختم ہوگی۔ہم اس ایکٹ کی تجدید کے لیے اس کمیٹی اور کانگریس کے ساتھ بخوشی کام کرنے کو تیار ہیں۔اس سے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے کی پاسداری کا عمل پیچیدگی کا شکار نہیں ہوگا اور نہ وہ ہمیں اپنے وعدوں پر عمل سے روکتا ہے۔قبل ازیں روس کی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدے دار نے کہا تھا کہ آیندہ چند روز میں ایران کو ایس-300 فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ روانہ کردی جائے گی۔تاہم انھوں نے روس کی جانب سے ایران کو سخوئی لڑاکا طیاروں کی فروخت کے بارے میں کچھ نہیں کہا تھا۔

Comments are closed.

Scroll To Top