Home / Uncategorized / امریکی شہری کی رپورٹ چوہدری نثار کو پیش کر دی گئی
امریکی شہری کی رپورٹ چوہدری نثار کو پیش کر دی گئی

امریکی شہری کی رپورٹ چوہدری نثار کو پیش کر دی گئی

بلیک لسٹ قرار دیے گئے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کی پاکستان میں دوبارہ آمد کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو پیش کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس واقعے کی ذمہ داری امریکی شہر ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی سفارت خانے کی ویزا افسر پر عائد کی گئی ہے جنھوں نے ریکارڈ دیکھے بغیر 24گھنٹوں میں بلیک لسٹڈ امریکی شہری کو ویزا جاری کر دیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق امریکی شہری کو یہ ویزا خاتون افسر نے جاری کیا ہے۔

٭ پاکستان میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش پر امریکی گرفتار

وفاقی وزیر داخلہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اس واقعے کی دوسری ذمہ داری بےنظیر بھٹو انٹرنیشل ائرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر موجود ایف آئی اے کے ان اہلکاروں پر عائدکی گئی ہے جنھوں نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میتھیو بیرٹ کو اسلام آباد داخل ہونے کی اجازت دی۔

اجلاس میں ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے کے عملے سے ہونے والی تفتیش کے بارے میں بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا گیا۔ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عمل میں لائی جائے گی اور اس بارے میں وزارت خارجہ کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق گرفتار امریکی شہری میتھیو بیرٹ پر جاسوسی کا الزام لگانا قبل از وقت ہے اور اس بارے میں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچا جائے گا۔

چوہدری نثار علی حان نے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کی نشاندہی کرنے والے آئی بی ایم ایس سسٹم کے انچارج کے لیے ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے جن کی نشاندہی اور قانون نافد کرنے والے اداروں کی بروقت نشاندہی کی بدولت میتھیو بیرٹ کی گرفتاری ممکن ہوئی۔

اجلاس میں اس بات پربھی غور کیا گیا کہ آئندہ پاکستانی سفارت خانوں سے کسی غیر ملکی کو ویزے کا اجرا وزارتِ داخلہ کی پیشگی منظوری سے مشروط کیا جائے۔

واضح رہے کہ سنیچر کے روز خفیہ اور قانون نافد کرنے والے اداروں نے سنہ 2011 میں بلیک لسٹ قرار دیے گئے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے اُس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کے حکام کو نئی امیگریشن پالیسی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

Comments are closed.

Scroll To Top