Home / Uncategorized / شہباز اور نثار مدت ملازمت میں توسیع دلانے کیلئے آرمی چیف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں:اسد کھرل
شہباز اور نثار مدت ملازمت میں توسیع دلانے کیلئے آرمی چیف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں:اسد کھرل

شہباز اور نثار مدت ملازمت میں توسیع دلانے کیلئے آرمی چیف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں:اسد کھرل

اسلام آباد  (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی و اینکر پرسن اسد کھرل نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ان دنوں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع دلانے کیلئے ان سے بار بار ملاقاتیں کر رہے ہیں،لیکن وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور نومبر میں اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر اپنے عہدے سے پر وقار طریقے سے ریٹائر ہوجائیں گے ۔ 
نجی ٹی وی دن نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد کھرل کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف بھاگ بھاگ کر آرمی چیف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جس کا مقصد انہیں مدت ملازمت میں توسیع دلانا ہے ۔ انہوں نے وہی حرکتیں شروع کردی ہیں جو سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ کی تھیں۔ اشفاق پرویز کیانی کو مدت ملازمت میں توسیع دلانے میں چوہدری نثار اور شہباز شریف کا اہم کردار تھا۔ سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لینا چاہتے تھے لیکن انہوں نے رات کی تاریکی میں سابق آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں اور انہیں زچ کردیا اور کہا کہ آپ کی ملک کو بہت ضرورت ہے ۔ سابق آرمی چیف نے صرف اس شرط پر توسیع لینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی کہ نواز شریف ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت نہیں کریں گے لیکن نواز شریف نے بیرون ملک کے دورے سے واپس آتے ہی ایئر پورٹ پر ان کی توسیع کی مخالفت کردی ۔

اسد کھرل نے بتایا کہ ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد چوہدری نثار اور شہباز شریف دوبارہ ان سے ملاقات کیلئے گئے تو اشفاق پرویز کیانی نے انہیں نکال دیا اور کہا کہ پہلے بھی آپ لوگوں نے میرے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔اشفاق پرویز کیانی کے سامنے ” میرے عزیز ہم وطنو“ کی تقریر تک رکھ دی گئی تھی تاہم انہو ں نے کہا کہ میں پیشہ ور سپاہی ہوں اور جمہوری حکومت پر شب خون نہیں ماروں گا۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مدت ملازمت میں توسیع دلانے کیلئے ملاقاتیں کر رہے ہیں ،
شریف خاندان میں اختلافات کی خبروں کے حوالے سے اسد کھرل کا کہنا تھا اگر کوئی سمجھتا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف میں کوئی اختلاف ہے اور وہ علیحدہ ہوجائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے ، دونوں بھائی ایک ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہی چوہدری نثار کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top