Home / Uncategorized / مذاکرات کیلئے کوئی تاریخ طے نہیں کی ،پٹھانکوٹ حملے کے ملزمان کیخلاف کارروائی کے منتظر ہیں: نئی دلی
مذاکرات کیلئے کوئی تاریخ طے نہیں کی ،پٹھانکوٹ حملے کے ملزمان کیخلاف کارروائی کے منتظر ہیں: نئی دلی

مذاکرات کیلئے کوئی تاریخ طے نہیں کی ،پٹھانکوٹ حملے کے ملزمان کیخلاف کارروائی کے منتظر ہیں: نئی دلی

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ فوری مذاکرات کیلئے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی اور نہ ہی مذاکرات کے بارے میں حکومت نے کوئی فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت پہلے پاکستان کی حکومت کی کارروائی کا منتظر ہے کہ اسلام آباد پٹھانکوٹ حملے میں ملوث عناصر جو کہ پاکستان میں موجود ہیں کے خلاف کس طرح کی کارروائی کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ وکاس سوارپ نے نئی دہلی میں میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے لئے تاریخ کے تعین کے بارے میں پس پردہ کوششوں کے حوالے سے رپوٹوں میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مذاکرات کا سلسلہ منسوخ نہیں کیا جبکہ بھارت اس بات کے حق میں ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہوں لیکن اس کے لئے یہ لازمی ہے کہ پاکستان پہلے ایسی فضاءکو قائم کرے جس سے مذاکرات شروع کرنے کا بہترین ماحول بن سکے۔
وکاس سوارپ نے ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس حملے میں ملوث عناصر جو کہ پاکستان میں ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنا بھی پاکستان کے لئے ایک امتحان ہے اور بھارت یہ دیکھ رہا ہے پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں کس قدر سنجیدہ ہے۔
دوسری جانب امور داخلہ کے بھارتی وزیر راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی منظم کاروائیوں کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں عسکری سرگرمیوں میں کافی کمی آرہی ہے جبکہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کی حکومت کے دو سالوں میں ریاست کے علاوہ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔
میڈیا سے بات چیت میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ان دو برسوں میں سرحد پار سے در اندازی کے واقعات میں 52 فیصد کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ایک بار پھر بھارت میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارت کو نقصان پہنچانا صحیح ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top