Home / Uncategorized / مسعود اظہر پر پابندی کا معاملہ ،چین نے بھارتی واویلہ مسترد کر دیا :پاکستان کا تبصرے سے گریز
مسعود اظہر پر پابندی کا معاملہ ،چین نے بھارتی واویلہ مسترد کر دیا :پاکستان کا تبصرے سے گریز

مسعود اظہر پر پابندی کا معاملہ ،چین نے بھارتی واویلہ مسترد کر دیا :پاکستان کا تبصرے سے گریز

اسلام آباد/واشنگٹن/بیجنگ(اے این این) کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پر اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق چین کے مبینہ ویٹو کا تنازعہ بڑھ گیا، چین نے اس معاملے پر بھارت کا واویلہ مسترد کر دیا جبکہ پاکستان کا اس معاملے پر تبصرے سے گریزکیا ہے ۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرار داد چین نے ویٹو کر دی ہے جس میں مولانا مسعود اظہر کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں ڈالنے کی درخواست کی گئی تھی اور الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ(مسعود اظہر) پٹھان کوٹ حملے میں ملوث ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیڈلائن سے چند ہی گھنٹے قبل چین نے اقوام متحدہ کی تعزیراتی کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ یہ تجویز معطل کردے جس میں کہا گیا تھا کہ کمیٹی مسعود اظہر پر بابندی کے معاملے کو زیرِ غور لائے۔اِس اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 18فروری کو 11افراد اور ایک تنظیم کی فہرست پیش کی گئی تھی جس میں تعزیراتی کمیٹی کو داعش کے شدت پسند گروہ اور القاعدہ کے خلاف اقدام کے لیے کہا گیا تھا۔ 2001میں اقوام متحدہ نے جیش پر پابندی عائد کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق چونکہ چین نے تعزیرات کے خلاف موقف اختیار کیا جس کے باعث، ممبئی حملوں کے بعد مسعود اظہر پر لگنے والی پابندیوں کے معاملے پر پیش رفت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ٹائمز آف انڈیا کی اس خبر پر تبصرے کے لیے برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا گیا جس پر ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارتِ خارجہ ابلاغ عامہ کی خبروں پر تبصرہ نہیں کیا کرتا۔ با وثوق ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سیکورٹی کونسل کی کمیٹی 1267 نے فنی بنیادوں پر مسعود اظہر کا نام پابند افراد کی فہرست میں شامل کرنے سے انکار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی کونسل کی اس کمیٹی کی فہرست میں ان افراد کے نام شامل کئے جاتے ہیں جن کا تعلق القائدہ سے رہا ہوجب کہ مسعود اظہر کا تعلق القائدہ سے ثابت نہیں ہوا۔دوسرا موقف یہ تھا کہ مسعود اظہر کا نام پٹھان کوٹ واقعہ کے ملزمان میں شامل ہے جس پر اراکین کمیٹی کو بتایا گیا کہ ابھی پٹھان کوٹ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور نتائج کے اجرا سے پہلے کسی ملزم کا نام اس فہرست میں شامل کرنا ضابطے کے خلاف ہوگا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیکورٹی کونسل کی کمیٹی میں دوسری بار مسعود اظہر کا نام پابند افراد کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ مسترد کردی گئی ہے۔بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک اخبار نویسوں کے سوال پر بتایا کہ چین تمام قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور یہ کہ چین انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں کے حوالے سے ایک مرکزی اور مربوط کردار ادا کر رہا ہے اور اِس ضمن میں، وہ ہمیشہ ایک متحرک کردار ادا کرتا آیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی 1267کمیٹی میں فہرست کے معاملے میں چین حقائق کی بنیاد پر اقدام کر رہا ہے جو دراصل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور ضابطہ کار کے قوائد کے عین مطابق ہے اور یہ کہ اِس ضمن میں چین متعلقہ فریق سے رابطے میں ہے۔اس سے قبل فروری میں بھارتی امور خارجہ کی وزارت کے ترجمان وکاس سواروپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم 1267 تعزیراتی کمیٹی کے سامنے تجویز رکھیں گے کہ اس میں مسعود اظہر کے خلاف پابندی کے معاملے کو شامل کیا جائے۔ فہرست میں نقص یہ ہے کہ اِس میں جیش محمد تنظیم کا نام تو موجود ہے لیکن اسِ کے سربراہ کا نام شامل نہیں۔عالمی ادارے کی سطح پر بھارتی تجویز ایسے وقت سامنے آ رہی ہے جب کہ پٹھان کوٹ ہوائی اڈے پر حملے کے معاملے پر پاکستان کی مشترکہ تفتیشی ٹیم اِن دنوں بھارت میں ہے۔ اخباردی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق پانچ رکنی پاکستانی ٹیم نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے ثبوت حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے مسعود اظہر کے ملوث ہونے کا ثبوت میسر آتا ہو۔ اخبار کے مطابق جے آئی ٹی اِس بات کی تصدیق کی کوشش کر رہی ہے جس سے پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے جیش محمد کے بانی کا کردار ثابت ہوتا ہو۔

Comments are closed.

Scroll To Top