Home / Uncategorized / موبائل مساجد تیار،مسجد سے دوری باجماعت نماز کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ رہی
موبائل مساجد تیار،مسجد سے دوری باجماعت نماز کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ رہی

موبائل مساجد تیار،مسجد سے دوری باجماعت نماز کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ رہی

جکارتہ (مانیٹرنگ ڈیسک )نماز کی ادائیگی آسان بنانے کیلئے دنیا کے سب سے بڑے مسلمان ملک کے عوام نے ایسا قدم اٹھایا ہے جسے سن کر ہر مسلمان کا دل جذبہ ایمانی سے بھر جائے گا۔
پاکستان سمیت مسلم دنیامیں سڑکوں پرغیرمعمولی رش، بے ہنگم ٹریفک اور مساجد کی گھروں اور دفاتر سے دوری عموما با جماعت نماز کی ادائیگی میںرکاوٹ سمجھی جاتی ہے۔مگر انڈونیشیا کے مسلمانوں نے اس رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے موبائل مساجد متعارف کرادی ہیں ۔
عرب میڈیاکے مطابق دور حاضرمیں بڑھتی ہوئی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈونیشیا کے شہریوں نے ایسی موبائل مساجد تیار کی ہیں جنہیں دارالحکومت جکارتہ میں نمازیوں کی خدمت کے لیے پیش کردیاگیا۔ چلتی پھرتی مساجد کو کسی بھی جگہ گاڑی کی طرح پارک کرکے نماز کے اوقات میں وہاں نہ صرف با جماعت نماز کا اہتمام کیا جاسکتا ہے بلکہ موبائل مساجد میں وضو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی ایک فوٹیج میں جکارتہ کی موبائل مساجد کو دکھایا گیا ہے۔ فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ ”وان“ نامی گاڑی کو موبائل مساجد میں ڈھال دیا گیا ۔
انڈونیشیا میں موبائل مساجد کے تصور کوغیرمعمولی سطح پر سراہا گیا ہے۔ دوسری جانب مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ موبائل مساجد سے مستقل مساجد کے کردار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جو لوگ بروقت مساجد میں نماز کیلئے نہیں پہنچ پاتے انہیں موبائل مسجد میں نماز کی ادائیگی کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔

 

Comments are closed.

Scroll To Top