Home / Uncategorized / ناکوں پررشوت وصولی کاسلسلہ جاری،سیکیورٹی داؤ پرلگ گئی
ناکوں پررشوت وصولی کاسلسلہ جاری،سیکیورٹی داؤ پرلگ گئی

ناکوں پررشوت وصولی کاسلسلہ جاری،سیکیورٹی داؤ پرلگ گئی

لاہور(وقائع نگار) زمانہ بدلہ مگر لاہور پولیس نہ بدلی ،اگر کام رشوت سے ہی چلانا ہے تو اربوں کا بجٹ کس کام کا، شہر کے داخلی راستوں پر سر عام رشوت وصولی کے عوض گاڑیوں کے داخلوں نے صوبائی دارالحکومت کی سیکیورٹی داؤپرلگا دی۔ذرائع کے مطابق لاہور شہر کے داخلی راستوں پر لگائے گئے ناکوں کی فول پروف سیکورٹی انتظامات کی قلعی کھل گئی جہاں چند سو روپے رشوت کے عوض بغیر تلاشی جو چاہے شہر میں لیکرآجائیں،اور اگرآپ کے پاس پیسے نہیں تو کولڈ ڈرنک سے بھی کام چلایا جاسکتا ہے۔ شہر کے داخلی راستوں پر پیسے لے کر گاڑیوں کا داخلہ کرانے سے ان سیکورٹی انتظامات کا پول کھل گیا ہے جن کا ڈھنڈورا پولیس افسران پیٹتے نہیں تھکتے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی ایک ایسا پہ واقع پیش آیا جب ٹھوکر نیاز بیگ ناکے پر اہلکار نے مہران گاڑی میں سوار افراد کو پیسوں کے عوض آنے دیا تو دوسری طرف قزلباش چوک ناکے پر اہلکاروں نے چنگ چی رکشہ ڈرائیور سے کولڈ ڈرنک لے کر داخلے کی اجازت دے دی۔شہر کے 13 داخلی راستوں پر نصب بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے بھی خراب ہیں ، بعض ناکوں پر تعینات اہلکاروں کے بیٹھنے کی جگہ ہے اور نہ ہی مانیٹرنگ روم، متعدد ناکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ نہ ہونے کے برابر ہے جس سے جرائم پیشہ اور تخریب کارافرادکے شہر میں داخلے کے امکان بڑھ جاتے ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top