Home / Uncategorized / وزیراعلیٰ سندھ 2 دفعہ ڈاکٹر عاصم سے ملاقاتیں کرچکے ہیں : وکیل رینجرز
وزیراعلیٰ سندھ 2 دفعہ ڈاکٹر عاصم سے ملاقاتیں کرچکے ہیں : وکیل رینجرز

وزیراعلیٰ سندھ 2 دفعہ ڈاکٹر عاصم سے ملاقاتیں کرچکے ہیں : وکیل رینجرز

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی سماعت کے دوران رینجرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر عاصم سے وزیراعلیٰ سندھ دو دفعہ مل چکے ہیں جبکہ انہیں تمام دوستوں اور رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کرپشن کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی جہاں رینجرز کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت ڈاکٹر عاصم حسین کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے چکی ہے اورہمارے پاس انہیں دی گئی سہولتوں کی فہرست موجود ہے، ڈاکٹر عاصم کے پاس انٹرنیٹ فون کی سہولت بھی ہے۔ ڈاکٹر عاصم سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ دو دفعہ ملاقات کر چکے ہیں جبکہ انہیں تمام دوستوں اور رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہے ۔
رینجرز کے وکیل کی جانب سے انٹرنیٹ فون کی بات کرنے پر ڈاکٹر عاصم حسین نے اسے جھوٹ قرار دے دیا اور کہا کہ یہ جھوٹ بول رہے ہیں میری اہلیہ لندن کے ہسپتال میں مر رہی ہیں اور میں یہاں قیدی بنا ہوا ہوں ۔ ڈاکٹر عاصم کا مزید کہنا تھا کہ ان کے مطابق میرے پاس بل گیٹس سے زیادہ دولت ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ ڈاکٹر عاصم آپ کی کی اہلیہ کا کیا نام ہے ؟ جس پر ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ میری اہلیہ کا نام ڈاکٹر زرین اور ماں کا نام اعجاز فاطمہ ہے۔
ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ ڈاکٹر عاصم کی بیوی کینسر کی مریضہ ہے انہیں ہراساں کیا گیا ہے وہ علاج بھی نہیں کرسکتیں جو ڈاکٹر ہسپتال میں علاج کرتے تھے ان کا بیان کیوں نہیں لیا گیا؟۔

Comments are closed.

Scroll To Top