Home / Uncategorized / چھوٹو گینگ کو جیل منتقل کرنے کیلئے 200 ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی گاڑیاں منگوالی گئیں
چھوٹو گینگ کو جیل منتقل کرنے کیلئے 200 ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی گاڑیاں منگوالی گئیں

چھوٹو گینگ کو جیل منتقل کرنے کیلئے 200 ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی گاڑیاں منگوالی گئیں

13022203_1684246461830050_60854303_n

راجن پور(مانیٹرنگ ڈیسک) کچے کے علاقے میں سرگرم چھوٹو گینگ نے ہتھیار ڈال دیے ہیں جس کے بعد ڈاکووں کو حراست میں لے کر پاک فوج کے بیس کیمپ سون میانی منتقل کردیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی گاڑیاں منگوالی گئی ہیں جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی بھی شروع ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول مزاری عرف چھوٹو نے اپنے ساتھیوں سمیت پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے جس کے بعد پاک فوج نے تمام ڈاکووں کو حراست میں لے کر بیس کیمپ سون میانی منتقل کردیا۔ چھوٹو گینگ کے ہتھیار ڈالنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران بھی سون میانی کیمپ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ آئی جی پنجاب ، ڈی پی او راجن پوراور ڈی پی او رحیم یار خان پہلے ہی وہاں پہنچ چکے ہیں ۔
پنجاب پولیس نے قیدیوں کی گاڑیاں طلب کرلی ہیں جن میں چھوٹو گینگ کے کارندوں کو جیل منتقل کیا جائے گا جبکہ ڈاکووں کو حراست میں لینے کیلئے 200 ہتھکڑیاں بھی منگوالی گئی ہیں۔ ڈاکو تاحال فوج کی حراست میں ہیں جنہیں پاک فوج اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد پنجاب پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔چھوٹو گینگ کے ہتھیار ڈالنے کے بعد بند کی گئی نہروں میں پانی چھوڑدیا گیا ہے جبکہ کچا جمال کے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں نے اپنے گھروں کی طرف واپسی شروع کردی ہے۔دریا پر پل بنانے کیلئے سون میانی کیمپ میں مشینری بھی پہنچادی گئی ہے تاکہ لوگوں کو واپسی میں آسانی رہے اور فورسز بھی سہولت کے ساتھ سرچ آپریشن مکمل کرسکیں۔
علاوہ ازیں پنجاب پولیس کی جانب سے 23 روز تک جاری رہنے والے آپریشن ضرب آہن کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کیلئے پریس کانفرنس بھی متوقع ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی آج راجن پور پہنچیں گے۔

Comments are closed.

Scroll To Top