Home / Uncategorized / کسی کو ’را‘ کا ایجنٹ یا ٹارگٹ کلر نہیں بنائیں گے، مصطفیٰ کمال
کسی کو ’را‘ کا ایجنٹ یا ٹارگٹ کلر نہیں بنائیں گے، مصطفیٰ کمال

کسی کو ’را‘ کا ایجنٹ یا ٹارگٹ کلر نہیں بنائیں گے، مصطفیٰ کمال

 کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کے دلوں کو جوڑنے اور محبتیں بانٹنے کے لئے آئے ہیں کسی کو ’را‘ کا ایجنٹ اور ٹارگٹ کلر نہیں بنائیں گے۔

کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر محمد علی بروہی کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں برداشت ہو، رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر نفرتیں نہ ہوں، ہم نے اپنی نوجوان نسل کو قلم اورتعلیم سے آراستہ کرنا ہے، کسی کو ’را‘ کا ایجنٹ یا ٹارگٹ کلر بنائیں گے اور نہ ہی کسی کے ہاتھ میں اسلحہ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ایم کیو ایم کی گھن گھرج پر کان نہ دھریں، الطاف حسین کی صرف رات 12 بجے کے بعد کی نہیں بلکہ 24 گھنٹے کی تقاریر کو سنجیدہ نہ لیا جائے، جن لوگوں کو الطاف حسین اچھے لگتے ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں، وہ لوگ الطاف حسین کی تقاریر اپنی ماؤں بہنوں کو شوق سے سنوائیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارتیں لینے کے لئے مہاجر کارڈ استعمال کیا جا تا تھا لیکن وزارتیں ملنے کے بعد سب ٹھنڈے ہو جاتے تھے، ہم سیاست کرنے آئے ہیں سیاست کریں گے اور اپنے مخالفین سے اختلاف بھی رکھیں گے لیکن کسی کو لڑائیں گے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کا جلسہ پاکستان کا ٹرننگ پوائنٹ ہوگا اور 25 اپریل کو نوجوانوں کو کوئی ’را‘ کا ایجنٹ بنانے والا یا ان کے ہاتھوں میں اسلحہ دینے والا کوئی نہیں ہوگا، وطن پرستی کے قافلے کا سفر تیزی سے جاری ہے اور ہماری آنے والی نسلیں سندھ میں دشمنیاں نہیں دیکھیں گی۔

اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والے ایم کیو ایم کے سابق سینیٹری محمد علی بروہی کا کہنا تھا کہ ہم ایم کیو ایم میں اس وجہ سے آئے تھے کہ سندھی بولنے والے ساتھی اور اردو بولنے والے بھائی ایک ہو کر ملک اور صوبے کی ترقی کے لئے کام کریں گے لیکن جب ہم نے دیکھا کہ یہاں تو بھائی کو بھائی سے لڑانے کے لئے اور تعصب پھیلانے کی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں تو پھر ساتھیوں کے مشورے سے ایم کیو ایم کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی پالیسیاں عوام کو ملک دشمنی اور سندھ دشمنی کی طرف لے جا رہی ہیں تھیں جب کہ الطاف حسین نے صرف ذاتی مفاد کے لئے پوری قوم اور نسلوں کو تباہ کردیا، تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے پاکستان سرزمین پارٹی کا ساتھ دیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top