Home / Uncategorized / کوکاکولا کی پروڈکشن بند کردی گئی
کوکاکولا کی پروڈکشن بند کردی گئی

کوکاکولا کی پروڈکشن بند کردی گئی

کراکس (نیوز ڈیسک) آپ دنیا کے جس بھی کونے میں چلے جائیں کوکا کولا ضرور ملے گی، مگر ایک ملک ایسا بھی ہے کہ جہاں اس مقبول عام مشروب کی پیداوار ہی بند کر دی گئی ہے ۔ خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کوکاکولا کمپنی کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ وینز ویلا میں چینی نایاب ہو جانے کے بعد کوکاکولا کی پروڈکشن بند کردی گئی ہے۔ وینز ویلا کے پریشان حال عوام کے لئے بالواسطہ طور پر یہ ایک اچھی خبر ہی ہے کہ ایک میٹھے مشروب کی عدم دستیابی سے ان کی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

وینزویلا میںمعاشی بحران شدید ہوجانے کے بعد اس ملک میں کاروبار ٹھپ ہورہے ہیں، جگہ جگہ مظاہرے دیکھنے میں آ رہے ہیں اور اکثر مشتعل مظاہرین لوٹ مار بھی کرتے ہیں۔ ملک میں بجلی کی دستیابی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ اس وقت افراط زر کی شرح آسمان کو چھورہی ہے۔
کوکاکولا کمپنی کا کہنا ہے کہ میٹھے والے مشروبات کی پیداوار بند کردی گئی ہے البتہ کوکاکولا لائٹ اور زیرو شوگر مشروبات کی تیاری فی الحال جاری ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وینز ویلا کے سپلائرز نے بتایا ہے کہ خام مال کی کمی کی وجہ سے سپلائی بند کی جارہی ہے۔ گزشتہ کئی سال کے دوران خام مال کی بڑھتی قیمتوں، پروڈکشن کاسٹ کے اضافے، فارن ایکسچینج کی کمی اور کھاد و دیگر لوازمات کی دستیابی میں مشکلات نے گنے کی کاشت مشکل بنادی ہے۔ کسانوں کی بہت بڑی تعداد نے گنے کی بجائے دیگر ایسی فصلوں کی کاشت شروع کردی ہے کہ جن پر اخراجات نسبتاً کم آتے ہیں۔
وینز ویلا کے انتہائی خراب معاشی حالات کے پیش نظر گنے کے کاشتکاروں کی صورتحال جلد بہتر ہوتی نظر نہیں آ رہی اور یوں اس ملک میں کوکا کولا کی جلد واپسی بھی ممکن نظر نہیں آ رہی۔

Comments are closed.

Scroll To Top