Home / Uncategorized / گرل فرینڈ کی غلطی اشرف مگسی کی گرفتاری کی وجہ بنی
گرل فرینڈ کی غلطی اشرف مگسی کی گرفتاری کی وجہ بنی

گرل فرینڈ کی غلطی اشرف مگسی کی گرفتاری کی وجہ بنی

13181160_1692015774386452_1404221138_n

کراچی (آئی این پی) بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے گرفتار سابق چیئرمین اشرف مگسی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کی گرفتاری ان کی مبینہ گرل فرینڈ کی غلطی کی وجہ سے ممکن ہوئی جبکہ بلوچستان کے ایک اہم قبائلی رہنماءنے انہیں اپنے آبائی گاﺅں میں پناہ دینے سے بھی انکار کر دیا تھا، جس کے بعد وہ کراچی میں روپوش رہے، موبائل ٹیلیفون نمبرز بدل بدل کر رابطے کرتے تھے جبکہ کمیشن اور رشوت کے پیسوں سے حاصل کی گئی قیمتی گاڑیوں پر سفر کی بجائے نیب سے بچنے کےلئے موٹرسائیکل پر بھی سفر شروع کر دیا تھا۔ با خبر ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین اشرف مگسی جنہیں گزشتہ دنوں نیب بلوچستان نے گرفتار کیا ہے، نیب نے 6 ماہ سے زائد عرصہ تک اشرف مگسی کی کرپشن اور بدعنوانی کی انکوائری کی، انہوں نے بلوچستان میں بھرتیوں میں کروڑوںروپے کی رشوت وصول کی اور میرٹ کی دھجیاں بکھیر دیں، جس کی نیب کو شکایات موصول ہوئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق اشرف مگسی نے نیب کی گرفت سے بچنے کےلئے بلوچستان کے ایک سابق گورنر اور سابق وزیر اعلیٰ سے اپنے قریبی روابط کی وجہ سے مدد مانگی تھی اور ان سے کہا تھا کہ نیب انہیں گرفتار کرنے والا ہے لہٰذا وہ انہیں اپنے آبائی گاﺅں میں پناہ دے دیں، جس پر بلوچستان کے اس سابق گورنر نے صاف انکار کر دیا اور کہا کہ وہ کسی کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کےلئے کوئی مدد نہیں کر سکتے اور نہ ہی اپنے گھر اور آبائی گاﺅں میں پناہ دیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد اشرف مگسی کراچی چلے گئے تھے اور کراچی کے اس علاقے میں قیام کیا جہاں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی زیادہ تعداد رہائش پذیر ہے، اشرف مگسی نیب اور حساس اداروں سے خود کو بچانے کےلئے گاڑیوں پر سفر کرنے کی بجائے موٹر سائیکل پر بھی سفر کیا کرتے تھے اور موٹر سائیکل استعمال کرنے کا یہ مقصد تھا کہ حساس ادارے اس کا سراغ نہ لگا سکیں جبکہ وہ اپنے ملازمین اور قریبی دوستوں کے ناموں سے موبائل سمیں حاصل کرتے تھے اور اس کا مقصد بھی نیب سے خود کو بچانا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اشرف مگسی کی ایک کراچی میں ایسی گرل فرینڈ ہے جو کئی اور با اثر شخصیات کے ساتھ رابطے میں رہتی تھی اور اس گرل فرینڈ کی غلطی کی وجہ سے نیب کو اشرف مگسی تک پہنچنے میں زیادہ مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں نیب کی تحویل میں ہیں اور عدالت سے نیب نے 14روزہ ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے اور انہوں نے اہم انکشافات کئے ہیں اور آئندہ چند روز میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top